دربھنگہ، 17جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)معروف ادیب وناقدخلیق الزماں نصرت ان دنوں دربھنگہ کے دورے پرہیں۔کل شام وہ المنصورایجوکیشنل اینڈویلفیئرٹرسٹ کے دفتر میں تشریف لائے۔ ٹرسٹ کے سکریٹری اور سہ ماہی دربھنگہ ٹائمز کے مدیرڈاکٹر منصور خوشترنے خلیق الزماں نصرت کا پرتباک خیر مقدم کیا۔ انہوں نے خلیق الزماں کی علمی و ادبی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ تنقید کے میدان میں آپ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ منصور خوشتر نے شعوری رجحانات،آخری گھڑے کاپانی،شعرائے بھیونڈی،برمحل اشعار اور ان کے ماخذ جیسی تصانیف کی روشنی میں خلیق الزماں نصرت کے علمی کارناموں کاذکرکیا۔ڈاکٹرخوشترنے کہاکہ جناب نصرت کو ان کی خدمات کے عوض کریم سٹی کالج ایوارڈ، مہاراشٹر اردو ساہتیہ اکادمی ایوارڈ، بہار اردو اکادمی ایوارڈ، سید سلیمان ندوی ایوارڈ، اتر پردیش اردو اکادمی ایوارڈ جیسے باوقار ادبی اعزازات سے نوازاجاچکا ہے۔ ڈاکٹر منصور خوشتر نے ٹرسٹ کے دفترمیں تشریف لانے پر خلیق الزماں نصرت کا شکریہ ادا کیا۔